بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد شامی نے سابق کرکٹر و کپتان انضمام الحق کے بال ٹیمپرنگ سے متعلق اٹھائے گئے سوال کا جواب دیدیا۔ ایک مقامی یوٹیوب پوڈ کاسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران انضمام الحق کی جانب سے ارش دیپ سنگھ پر لگائے گئے بال ٹیمپرنگ کے الزام پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کو دھوکا دینا بند کریں، اگر چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے آیا تو 3 گیندیں لے کر جاؤں گا اور انہیں دکھاؤں گا کہ ان میں کوئی ڈیوائسز نہیں تھیں اور 20 لوگوں کے سامنے گیندوں کو دو ٹکڑے کردوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ پر 2023ء کے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران گیند میں ڈیوائس لگانے کا الزام لگایا گیا، کیا عجیب بچوں والی باتیں کررہے ہیں، انضی بھائی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن ایسے بیانات کی اِن سے توقع نہیں کرتا۔
محمد شامی نے کہا کہ پاکستانی بولرز نے ہی ریورس سوئنگ کا جادو پوری دنیا کو سکھایا اور اب ان کے سابق کھلاڑی ہی ایسے الزامات لگا رہے ہیں، انضمام بھائی کو ماضی میں اپنے بولرز کی جانب سے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعات کو یاد رکھا چاہیے۔
بھارتی فاسٹ بولر نے کہا بال میں ڈیوائس لگاکر سوائنگ کروانے کا بیان نہایتی عجیب ہے، لوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انضمام الحق ریورس سوئنگ کے آرٹ کو متعارف کروانے والے لوگوں میں شمار ہوتے ہیں۔ قبل ازیں ٹی20 ورلڈکپ 2024ء کے دوران ایک ٹی وی انٹرویو میں سابق کپتان انضمام الحق نے الزام عائد کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ارشدیپ 15ویں اوور میں گیند ریورس کررہے ہیں تو اسکا مطلب صاف ہے کہ بال کیساتھ چھیڑخانی کی گئی تھی۔