ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہورہا، نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کا کہنا ہے کہ بجلی کا بل ادا کرنا ہر کسی کیلئے مشکل ہوگیا ہے، بجلی کا بل صرف غریبوں نہیں بلکہ ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکا، ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہورہا، سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے۔

 مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

دوران اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سولر پینل فنانسنگ اسکیم کو آسان تر بنانے کا حکم دیتے ہوئے حکومتی ٹیم کو اسکیم کے اجرا کے لیے کارروائی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری انرجی نعیم رؤف نے چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کے بارے میں آگاہ کیا جب کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پائلٹ پروجیکٹ کے تحت مختلف مقامات پر چیف منسٹر سولر پینل فنانسنگ اسکیم کا ٹیسٹ رن شروع کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قرعہ اندازی کے ذریعے سولر پینل عوام کو فراہم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سولر سسٹم کی آن لائن مانیٹرنگ اور ٹیسٹ رن کی کامیابی کا جائزہ لے کر 14 اگست سے سولر اسکیم لانچ کردی جائے گی۔

قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے صارفین کے کوائف کی تصدیق کی جائے گی، اسکیم کے پینل مارکیٹ میں فروخت ہونے سے بچانے کے لیے سولر پینل اور سسٹم پر بار کوڈ اور کیو آر کوڈ موجود ہوگا تاکہ ان پینلز کی بازار میں غیر قانونی خرید و فروخت نہ ہوسکے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ بجلی اور آٹا کے نرخ لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کررہے ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے جو کچھ کرنا پڑا ضرور کریں گے۔

مریم نواز نے اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا کہ سولر پینل فنانسنگ اسکیم کا دائرہ کار مزید بڑھائیں گے۔

دوران اجلاس نواز شریف بولے کہ اپنے دور میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کے نرخوں کو کنٹرول میں رکھا، مزید بولے کہ سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے، میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔

سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ ن نوازشریف نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو پاکستان سے واپس بھیج دیا تھا بعد میں کون لایا تھا؟ سب کو پتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ عوام کی پرواہ کریں ریلیف کے لئے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں گے، بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا، یہ غریب لوگوں کے لیے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے لیے مصیبت بن چکاہے۔

Leave a Comment