پی سی بی نے بابر اعظم کے ساتھ ظلم کیا، سلمان بٹ کی کرکٹ بورڈ پر کڑی تنقید

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے بابر اعظم کی کپتانی کو سنبھالنے پر کڑی تنقید کی ہے۔ ایک انٹرویو میں سلمان بٹ نے بطور کپتان بابر اعظم کو درپیش چیلنجز کا ذکر کیا۔ سلمان بٹ نے کہا کہ “آئیے پہلے بات کرتے ہیں کہ بابر اعظم کے ہاتھ میں کیا ہے، وہ پیدائشی کپتان نہیں ہیں، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آپ نے ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں کیا کردار ادا کیا؟ آپ دو لوگوں کو لے کر آئے جنہوں نے انہیں ٹی وی پر ذلیل کیا۔

 

پھر آپ نے کپتان کو تبدیل کیا اور پھر اسے دو سیریز کے بعد واپس لائے، آپ تو خود ٹیم کے اندر اختلافات پیدا کر رہے ہو”۔ سلمان بٹ کا “ٹی وی پر ان کی تذلیل کرنے والے دو لڑکوں” کا حوالہ عماد وسیم اور محمد عامر کی طرف ہے جن کی بابر اعظم پر نجی ٹی وی کے شو میں کی جانے والی عوامی تنقید ایک تنازعہ کا شکار رہی ہے۔

ان کے مطابق ان اقدامات نے بابر کے مقام اور حوصلے کو پست کرنے کا کام کیا ہے۔

 

بہتر ٹیم مینجمنٹ کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے سلمان بٹ نے مزید کہا کہ “ٹیم میں مناسب مین مینجمنٹ ہونے کی ضرورت ہے۔ آپ اسے ان لوگوں کے ہاتھوں مینیج کر رہے ہیں جو پوری زندگی خود کو سنبھال نہیں سکے۔” سلمان بٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگرچہ بابر فطری لیڈر نہیں ہو سکتا، پی سی بی کے اقدامات نے ان کی جدوجہد کو مزید بڑھا دیا ہے۔ “آپ نے بابر کے ساتھ ظلم کیا، ہاں، وہ اچھا کپتان نہیں ہے لیکن آپ نے اسے مثالی ماحول بھی نہیں دیا”۔

Leave a Comment