بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز ونود کامبلی ان دنوں صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جس میں کامبلی کو چلنے پھرنے میں کافی دشواری ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ موٹر سائیکل کے سہارے کھڑے ہیں اور اسے سنبھالنا بہت مشکل ہو رہا ہے۔ کچھ لوگوں نے فوراً اس کی مدد کی اور آگے بڑھنے میں مدد کی۔
یہ دل دہلا دینے والی ویڈیو میڈیا کی شخصیت نریندر گپتا نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
انہوں نے لکھا کہ سابق کرکٹر ونود کامبلی کی طبیعت خراب ہے۔ ونود کامبلی نے حالیہ برسوں میں صحت اور ذاتی مسائل سے لڑنے کے بارے میں کھل کر بات کی ہے۔
نریندر گپتا نے مزید لکھا کہ دل کی بیماری اور ڈپریشن سمیت صحت کے مختلف مسائل کی وجہ سے وہ کئی بار ہسپتال میں داخل ہو چکے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے اور ضروری تعاون حاصل کر لیں گے۔
ونود کامبلی ماضی میں کئی بار صحت کے مسائل سے نبرد آزما ہو چکے ہیں، جس نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔ 2013 ءمیں انہیں چیمبور سے باندرہ جاتے ہوئے دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس سے قبل سال 2012 ءمیں ان کی دو بند شریانوں کی انجیو پلاسٹی ہوئی تھی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ کامبلی نے اپنے کرکٹ کیریئر میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا تھا۔
ان کا شمار ہندوستان کے باصلاحیت بلے بازوں میں ہوتا تھا۔ لیکن ذاتی مسائل اور صحت کے مسائل کی وجہ سے ان کا کیرئیر نامکمل رہا۔
ونود کامبلی کی صحت کی خبر سے ان کے مداحوں اور کرکٹ کی دنیا میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ہر کوئی ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کر رہا ہے۔