ہائی کمیشن برائے پاکستان، نئی دہلی میں پاکستان کی 77 ویں یومِ آزادی کی تقریب قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔
اس موقع پر پاکستان کے ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے ہائی کمیشن کے لان میں قومی پرچم لہرایا اور تقریب کی صدارت کی۔
تقریب کے دوران صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے، جس میں برصغیر کے مسلمانوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے عظیم داستان رقم کی۔
ناظم الامور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بنیاد جمہوریت، سماجی مساوات اور رواداری کے اصولوں پر رکھی گئی ہے اور قوم اپنے آبا و اجداد کے تصور کے مطابق ایک اسلامی فلاحی ریاست کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
The High Commission for Pakistan, New Delhi celebrated 77th anniversary of Pakistan’s Independence with national zeal and fervor, today.@ForeignOfficePk@Saadawarraich@epwing_official@PkPublicDiplo pic.twitter.com/dKzkjJaRY9
— Pakistan High Commission India (@PakinIndia) August 14, 2024
انہوں نے کہا کہ ’استحکام پاکستان‘ کی جانب مشن پوری طرح سے جاری ہے اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر بیٹوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
ناظم الامور نے بھارتی جبر اور قبضے کے تحت کشمیر میں جدوجہد کرنے والے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حقِ خودارادیت سمیت بنیادی حقوق کے لیے ان کی بہادرانہ جدوجہد کامیابی سے ہم کنار ہو گی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کا انحصار جموں و کشمیر تنازعہ کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل پر ہے۔
تقریب کے آخر میں ناظم الامور نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی تاریخی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا