این اے 79 کامونکی: دوبارہ گنتی میں لیگی رہنما ذوالفقار بھنڈر کامیاب

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 79 کامونکی کی نشست پر دوبارہ گنتی میں مسلم لیگ کے ذوالفقار بھنڈر کامیاب ہو گئے۔ ذوالفقار بھنڈر کو 95604 ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ احسان اللہ ورک کے ووٹ دوبارہ گنتی میں کم ہوکر 92581 رہ گئے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں یہ نشست احسان اللہ ورک نے جیتی تھی اور ان کی بر تری 4388 ووٹوں کی تھی۔ ن لیگ کے ذوالفقار بھنڈر نے دوبارہ گنتی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت کے حکم پر ڈویژنل پبلک سکول میں دوبارہ گنتی کی گئی۔

پولیس کی بھاری نفری سکول کے باہر کھڑی رہی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل ہوتے ہی ذووالفقار بھنڈر کی کامیابی کا اعلان کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کے حلقوں نے الزام عائد کیا کہ احسان اللہ ورک کے 12000 ووٹوں کو مسترد کر کے کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما احسان اللہ ورک نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 79 سے الیکشن میں 2009 ووٹوں سے جیتا تھا، ن لیگی رہنما نے دوبارہ گنتی کی درخواست کی جو منظور کی گئی اور گنتی میں وہ جیت گئے۔

احسان اللہ ورک کا کہنا ہے کہ میرے پاس کالز آرہی تھیں ن لیگ جوائن کریں ورنہ دوبارہ گنتی میں ہرا دیں گے، میرے پاس جن نمبرز سے کالز آرہی تھیں اس کے ثبوت ہیں، سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے انشا اللہ کامیابی ملے گی، آئندہ ماہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کروں گا، دوبارہ گنتی کے وقت ڈبوں پر جو سیل لگی ہوی تھیں وہ تبدیل تھیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الیکشن کے وقت کی سیل توڑ کر نئی سیل لگا دی گئی تھیں، پریزائیڈنگ افسران کو بلا کر پوچھا جائے کہ سیل کیسے تبدیل ہوئیں۔

Leave a Comment