پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر منتخب کروانے کیلئے بیٹا قاسم خان خود میدان میں آگیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کے بیٹے نے یہ اعلان اس وقت کیا جب بانی پی ٹی آئی کے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخابات میں حصہ لینے پر یونیورسٹی کو شدید احتجاج کا سامنا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کو عمران خان کی نامزدگی کے خلاف غصے سے بھری ای میلز اور پٹیشنز موصول ہو رہی ہیں۔ جن میں عمران خان کو یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کے لیے انتہائی غیرموزوں امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔
اس دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی تازہ انسٹاگرام اسٹوری سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنے والد کی چانسلرشپ کے انتخاب کیلئے نامزدگی کی پُرزور حمایت کی ہے۔ قاسم خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ابا فار چانسلر کا نعرہ درج کرتے ہوئے اپیل کی کہ اسے حقیقت بنائیں ۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں برطانوی نیوز میگزین دا ویک کی خبر کا لنک بھی شیئر کیا جس میں آکسفرڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب میں عمران خان کی نامزدگی سے متعلق تفصیلات درج ہیں۔
واضح رہے کہ چانسلرکے عہدے کے لیے آکسفورڈ یونیورسٹی امیدواروں کا اعلان اکتوبر میں کرے گی۔ چانسلر کے عہدے کے لیے انتخابات 28 اکتوبر کو ہوں گے، انتخابات میں ڈھائی لاکھ سابق طلبہ اور سابق عملہ آن لائن ووٹ ڈالیں گے، نئے چانسلر کی مدتِ ملازمت 10 سال ہوگی۔
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید عمران خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا انتخاب لڑنے کیلئے درخواست جمع کروا دی۔
پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے رواں ماہ ایکس پر ایک پوسٹ میں اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران خان کی ہدایت پر آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب 2024 کے لیے اُن کی درخواست جمع کرا دی ہے، اِس تاریخی مہم کے لیے ہمیں آپ سب کا تعاون درکار ہوگا