بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کو وطن واپس نہیں بلایا جائے گا، جب تک وہ مجرم قرار نہیں پاتے کھیلتے رہیں گے۔بی سی بی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ قتل کے کیس میں نامزد ہونے پر شکیب الحسن پر پابندی لگائی جائے جبکہ مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد بی سی بی کو لیگل نوٹس بھی بھجوایا گیا تھا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر فاروق احمد کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کھیلتے رہیں گے، لیگل نوٹس موصول ہو گیا ہے، جواب دیا ہے کہ وہ ابھی کھیل جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایف آئی آر درج ہوئی ہے اور ابتدائی مرحلے میں ہے، بہت کچھ ہونا باقی ہے، جب تک جرم ثابت نہ ہو جائے وہ کھیلیں گے۔فاروق احمد کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش نے پاکستان کے بعد بھارت جانا ہے، ہم چاہتے ہیں وہ سیریز بھی کھیلیں، شکیب الحسن ہمارا کنٹریکٹڈ کھلاڑی ہے، ہم قانونی معاونت کریں گے۔