زیادہ لسٹ اے سنچریاں، بابر اعظم نے اے بی ڈیویلیئرز اور کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا

وائٹ بال کپتان بابر اعظم 30 یا اس سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے، زیادہ لسٹ اے سنچریاں سکور کرنے والے بیٹرز کی فہرست میں اے بی ڈیویلیئرز اور کرس گیل سے بھی آگے نکل گئے، ڈیویلیئرز نے 263 اور کرس گیل نے 373 لسٹ اے میچز میں 29، 29 سنچریاں سکور کی تھیں۔ ان کی شاندار 104 رنز کی اننگز نے الائیڈ بینک سٹالینز کو چیمپئنز ون ڈے کپ میں اینگرو ڈولفنز کے خلاف فتح دلائی۔
29 سالہ کھلاڑی کی 100 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا “بابر اعظم اپنی 30ویں لسٹ اے سنچری بنا کر 30 یا اس سے زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔

بابر اعظم اب تک 185 لسٹ اے میچز کی 181 اننگز میں 21 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 55.46 کی اوسط سے 8875 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 30 سنچریاں اور 51 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
خرم منظور 27 لسٹ اے سنچریوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر موجود ہیں ۔ قومی ٹیم کے سابق مایہ ناز اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں ۔ سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں ، قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ 5 ویں پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس اور قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان 19، 19 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر چھٹے جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے 7 ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔
سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور احمد شہزاد 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر 8 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 9 ویں جب کہ قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود ،سابق کپتان محمد یوسف ، رمیز راجہ اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 10 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

Leave a Comment