شاہد آفریدی جے یو آئی میں شامل؟

سابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے جمعیت علما ئےاسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے کراچی میں ملاقات کی ہے۔

اس اہم ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کیا شاہد آفریدی جے یو آئی میں شامل ہونے جا رہے ہیں؟

ملاقات جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد سومرو کی رہائشگاہ پر ہوئی، جس میں مولانا فضل الرحمان کے علاوہ علامہ راشد سومرو اور علامہ ناصر سومرو بھی شریک تھے۔ اس دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اس ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر کئی حلقوں میں یہ سوال گردش کرنے لگا کہ آیا شاہد آفریدی سیاست میں قدم رکھ رہے ہیں اور جے یو آئی کا حصہ بننے والے ہیں؟

تاہم، شاہد آفریدی کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

ذرائع کے مطابق، شاہد آفریدی کا مولانا فضل الرحمان سے ذاتی تعلق ہے اور یہ ملاقات صرف اسی دوستی کی بنیاد پر ہوئی تھی، جس میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میڈیا نے شاہد آفریدی کے جے یو آئی میں شامل ہونے کے حوالے سے سوال کیا تو آفریدی کے قریبی ذرائع نے واضح کیا کہ اس ملاقات کا مقصد سیاسی شمولیت نہیں، بلکہ یہ ایک عمومی ملاقات تھی جس میں ملکی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال، شاہد آفریدی کا جے یو آئی میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور یہ ملاقات محض ذاتی تعلقات اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال تک محدود تھی

Leave a Comment