پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 ستمبر سے ایک مرتبہ پھر مزید کمی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرکاری سطح پر پیٹرول، ڈیزل اور کیروسین آئل کی قیمت میں نمایاں کمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ افراط زر میں نمایاں کمی کے بعد اب افراطِ زر سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے جس کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان اب بھی جاری ہے۔ منگل کو کمزور عالمی طلب کے خدشات سامنے آنے کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آگئی ہے۔ نومبر کے لیے برینٹ کروڈ آئل کے سودے 48 سینٹ کمی کے ساتھ 72.27 ڈالر جبکہ امریکی کروڈ آئل کی اکتوبر کے لیے قیمت میں بھی 37 سینٹ کی کمی ہوگئی۔
انٹرنیشنل مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں حالیہ کمی کا تعلق چین میں ایندھن کی طلب میں معمولی کمی کے ساتھ برآمدی مارجن میں کمی سے ہے۔ اس رجحان کے آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔