پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کل سے بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
ترجمان پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) کے مطابق 26 ستمبر سے 01 اکتوبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گجرانوالہ میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد میں بارشوں کی پیشگوئی ہے، 27 ستمبر سے ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ میں بارشیں متوقع ہیں، فیصل آباد، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے ڈی سیز و انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ نشینی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد از جلد ممکن بنائیں۔ شہری احتیاط کریں بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں۔ عوام الناس کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں