بابر اعظم کی کپتانی سے مستعفیٰ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کپتانی کی دوڑ میں سرفہرست ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ ون ڈے اور ٹی20 کیلئے الگ الگ کپتان مقرر کرنے یا محمد رضوان کو دونوں فارمیٹس کی کپتانی دینے پر سوچ بچار کررہا ہے۔ کپتانی اور نائب کی دوڑ میں ممکنہ امیدواروں میں شاداب خان، صائم ایوب، شان مسعود اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کی نائب کپتانی کیلئے شاداب خان، صائم ایوب، شان مسعود، اور شاہین آفریدی مضبوط امیدوار ہیں۔ تاہم ٹیم کے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن اور سلیکٹرز کی جانب سے ورک لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
بھارت میں شیڈول آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستانی کی مایوس کن کارکردگی پر قیادت میں تبدیلی ہوئی تھی اور بابراعظم سے استعفیٰ لے لیا گیا تھا بعدازاں شان مسعود ٹیسٹ اور شاہین کو وائٹ بال کی ذمہ داریاں دی گئیں تاہم محض ایک سیریز کے بعد شاہین سے ٹی ٹونٹی کی کپتانی لے لی گئی اور پھر بابر اعظم کو قیادت کے فرائض سونپ دیے گئے تھے جس پر کرکٹرز میں اختلافات کی خبریں سامنے آئیں تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائٹ بال کی کپتانی کیلئے محمد رضوان واضح انتخاب ہیں کیونکہ بابر اعظم کے ساتھ وہ واحد کھلاڑی ہیں جو کھیل کے تمام فارمیٹس میں خودکار سلیکشن ہوتے ہیں۔