ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ:بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، مگر قومی ٹیم کے بیٹرز بھارتی باؤلرز کے سامنے بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے۔پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 105 رنز بنائے۔

قومی ٹیم کی جانب سے ندا ڈار 28 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں،جبکہ منیبہ علی نے 17، سدرہ عروبہ شاہ نے 14 اور فاطمہ ثنا نے 13 رنز کی اننگز کھیلیں۔دیگر کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہیں اور یوں پاکستانی ٹیم بھارت کو صرف 106 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔

بھارت کی جانب سے ارون دھاتی ریڈی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ شری یانکا پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔بھارت کی موثر باؤلنگ نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور بڑا اسکور کرنے سے روکے رکھا۔

جواب میں بھارتی ویمن ٹیم نے ہدف کا تعاقب پر اعتماد انداز میں کرتے ہوئے شیفالی ورما نے 32 رنز کی اننگز کھیلی اور نمایاں بلے باز رہیں۔ان کے علاوہ رادھا یادو اور ہرلین دیول نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح دلائی۔ پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے اچھی باؤلنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔

یاد رہے کہ 3 اکتوبر کو پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ کا کامیاب آغاز کیا تھا۔اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کی ٹیم آنے والے میچز میں کس طرح کی حکمت عملی اپناتی ہے اور کیا ایونٹ میں اپنا سفر آگے بڑھانے میں کامیاب ہوتی ہے۔

Leave a Comment