سنیل شیٹھی حادثے کا شکار، شدید زخمی ہوگئے

بالی ووڈ کے سینئر اور مقبول اداکار سنیل شیٹھی اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران کار حادثے کا شکار ہوکر زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل شیٹھی اپنی نئی ویب سیریز ’ہنٹر 2‘ کی شوٹنگ کے دوران ایکشن سین فلما رہے تھے کہ اسی دوران ایک وزنی لکڑی ان کی پسلیوں پر لگ گئی جس سے انہیں شدید چوٹ پہنچی۔

بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم کو فوراً سیٹ پر بلایا گیا تاکہ ان کا معائنہ کیا جا سکے، اداکار کا ایکسرے بھی کیا گیا جس سے معلوم ہوا ہے کہ ان کی پسلیوں پر گہری چوٹ آئی ہے۔

اداکار کی ٹیم کے ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ شدید تکلیف میں ہیں اور فی الوقت شوٹنگ کو روک دیا گیا ہے۔

تاہم اداکار نے اپنی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی سٹوری کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے یہ اطلاع دی کہ وہ معمولی زخمی ہوئے ہیں اور جلد شوٹنگ پر واپس جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس ایمیزون مینی ٹی وی پر ریلیز کی جانے والی ویب سیریز ہنٹر میں سنیل شیٹھی نے نے اے سی پی وکرم کا کردار نبھایا تھا، یہ سیریز ممبئی کے انڈرورلڈ پر مبنی ہے جہاں وکرم مختلف چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس ویب سیریز کے اگلے سیزن میں میں سنیل شیٹھی کے ساتھ ایشا دیول اور جیکی شراف بھی مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے جبکہ راہل دیو، برکھا بشٹ، مہر آہوجا، کرنویر شرمااور دیگر اداکار بھی معاون کرداروں میں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ ہنٹر 2 کے علاوہ سنیل شیٹھی مزید منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں جن میں ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ شامل ہے جس میں وہ اکشے کمار سمیت دیگر بالی ووڈ اداکاروں کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

Leave a Comment