پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی

پرتھ میں کھیلے جانے والے تین ون ڈے میچز کی سیریز کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں شکست دے کر22 سال بعد نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
پرتھ میں کھیلے جانے والے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 140 رنز پر ڈھیر کر کے 22 سال بعد اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔اس سے پہلے پاکستان نے 2002 میں آسٹریلیا کو اس کی ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی تھی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ون ڈے میچ پرتھ میں کھیلا گیا، جہاں پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز نے اس فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کو پریشان کن صورتحال سے دوچار کر دیا۔نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بولنگ نے آسٹریلوی بلے بازوں کو رنز بنانے کا موقع ہی نہ دیا۔

آسٹریلیا کے ابتدائی کھلاڑی جلدی آؤٹ ہوتے گئے اور پوری ٹیم 31.5 اوورز میں محض 140 رنز پر سمٹ گئی۔آسٹریلیا کی طرف سے سین ایبٹ 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے،جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں میتھیو شارٹ نے 22 رنز اور ایڈم زمپا نے 13 رنز بنائے۔کپتان جوش انگلس اور مارکس اسٹونئس سمیت متعدد کھلاڑی ڈبل فیگرز میں بھی نہیں پہنچ سکے۔

پاکستان کے فاسٹ بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں،جبکہ حارث رؤف نے دو اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ گلین میکسویل کو مسلسل تیسرے میچ میں حارث رؤف نے صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔

کھیل کے دوران کوپر کونولی ہاتھ میں چوٹ لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، جس سے آسٹریلیا کے مجموعی اسکور پر مزید اثر پڑا۔

دوسری جانب پاکستان نے 141 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 27 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر با آسانی میچ جیت لیا۔کپتان محمد رضوان نے ناقابلِ شکست 30 اور بابر اعظم نے 28 رنز بنائے،جس سے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی مضبوطی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

اوپنر عبداللہ شفیق نے 37 رنز اور صائم ایوب نے 42 رنز بنائے اور ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

خیال رہے کہ یہ فتح پاکستانی کرکٹ کیلئے تاریخی ثابت ہوئی، کیونکہ پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی۔یہ سیریز 1-1 سے برابر تھی،پہلے میچ میں پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن دوسرے میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کر کے اپنی پوزیشن کو مضبوط کیا۔

Leave a Comment