پنجاب میں مفت سولر پینل اسکیم کیلئے گرانٹس جاری

محکمہ خزانہ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فری سولر پینل منصوبے کیلئے 4 ارب روپے کی گرانٹس جاری کر دی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اسکیم کا مقصد پنجاب کے عوام کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانا اور توانائی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

ذہن نشین رہے کہ اس منصوبے کے تحت غریب اور مستحق خاندانوں کو مفت سولر پینلز فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے گھروں میں بجلی کی ضروریات کو پورا کر سکیں اور مہنگی بجلی کے بلوں سے محفوظ رہ سکیں۔

خیال رہے کہ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے مختلف دیگر منصوبوں کیلئے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کالونی میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی ہے۔اسی طرح نشتر پارک میں سپورٹس جمنیزیم کو اپ گریڈ کرنے اور نئے ٹیبل ٹینس کورٹ کی تعمیر کیلئے بھی 4 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں جوہر ٹاؤن کے آر ٹو بلاک میں واقع سپورٹس کمپلیکس کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی جاری کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب نے یہ تمام بجٹ آن لائن فراہم کر دیے ہیں تاکہ عوامی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور حکومت کے اقدامات سے عوام براہ راست مستفید ہو سکیں۔اس اسکیم کے ذریعے نہ صرف توانائی بحران کو کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ عوام کو معاشی طور پر بھی سہارا ملے گا۔

Leave a Comment