شہر قائد کراچی میں ایک اور صحافی پر قاتلانہ حملہ ہوا جس کے نتیجے میں صحافی ندیم احمد شدید زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے کرائم رپورٹر ندیم احمد کو آفس کے گیٹ پر نامعلوم افراد نے گولی ماری، گولی ان کی بائیں ٹانگ میں لگی، صحافی ندیم احمد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، نامعوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا صحافی ندیم احمد نجی ٹی وی کا کرائم رپورٹر ہے۔
یہ افسوسناک واقع کراچی کے علاقے بہادر آباد میں نجی ٹی وی کے دفتر کے باہر پیش آیا، ایس ایس پی شرقی موقع پر روانہ ہو گئے جبکہ ڈی آئی ایسٹ عثمان غنی کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کر رہے ہیں، سی سی ٹی وی کی مدد سے ویگو کی تلاش کی جائے گی، صحافی ندیم احمد کی حالت خطرے سے باہر ہے، صحافی ندیم احمد کو لیاقت نیشنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کی بھری نفری نجی ٹی وی چینل پہنچ گئی، فائرنگ کرنے والا شخص سفید رنگ کی ویگو میں سوار تھا، صحافی ندیم احمد خطرے سے باہر ہیں، ندیم احمد کو ٹانگ میں ایک گولی لگی ہے، معاملہ تلخ کلامی پر پیش آیا، ویگو گاڑی تیز چلانے پر تلخ کلامی ہوئی، ویگو والے نے اسلحہ نکال کر فائرنگ کی اور صحافی ندیم احمد کی ٹانگ پر گولی لگی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلیں، ضیاءالحسن لنجارنے ہدایت جاری کی کہ وقوعے کی تفتیش کی پیش رفت سے صحافی برادری کو اعتماد میں لیا جائے، ملوث ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے، پولیس کی جملہ کاروائی سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہ کیا جائے۔
صحافی ندیم احمد پر قاتلانہ حملے کی ایسوسی ایشن آف کورٹ رپورٹرز کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت بھی کی گئی، صدر ایسوسی ایشن آف کورٹ رپورٹرز کراچی شوکت کورائی اور جنرل سیکرٹری شاہد حسین کی حملے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ایسوسی ایشن آف کورٹ رپورٹرز کراچی کا کہنا ہے کہ پے در پے واقعات سے لگتا ہے صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں، حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی نجی ٹی وی کے کرائم رپورٹر پر حملے کا نوٹس لے لیا، ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے فائرنگ کے واقعے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی، واقعہ افسوس ناک ہے، رپورٹر پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔