ریسکیو حکام کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ احمد پور شرقیہ روڈ پر اڈا نبی پور کے قریب اس وقت پیش آیا جب سابق ایم این اے مخدوم سید علی گیلانی کی گاڑی احمد پور شرقیہ سے اوچ شریف جاتے ہوئے سڑک کنارے کھڑے منی لوڈر ٹرک سے ٹکرا گئی۔حادثے کے نتیجے میں مخدوم علی حسن گیلانی اور ان کے ساتھ موجود ایک اور شخص زخموں کی تاب نا لاسکے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے ایمرجنسی کی حالت میں زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ مخدوم سید علی حسن گیلانی پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تھے اور دو بار ایم این اے منتخب ہو چکے تھے۔ وہ فروری 2024 کے انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے،مرحوم سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے قریبی رشتے دار بھی تھے، جس سے ان کے خاندان اور سیاسی حلقوں میں گہرے صدمے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اس المناک حادثے نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی حلقوں کو بھی گہرے غم میں مبتلا کر دیا ہے۔